27 اکتوبر، 2026، 6:55 PM

دشمن کی بے بسی قومی مزاحمت کے ثمرات میں سے ہے، رہبر انقلاب اسلامی

دشمن کی بے بسی قومی مزاحمت کے ثمرات میں سے ہے، رہبر انقلاب اسلامی

آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای نے جنگ کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد کو مضبوط بنانے، آبنائے ہرمز کے انتظام اور ایرانی قوم کے حقوق و مفادات کے تحفظ پر زور دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں رہبر انقلاب نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل اور اس کے سیکریٹریٹ کو ملک کے امور کی تدبیر کے لیے ایک اہم مرکز قرار دیا۔ انہوں نے ثقافت، سیاست، معیشت اور سلامتی کے باہمی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے اور ہر اقدام کے آغاز سے انجام تک واضح لائحۂ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

رہبر انقلاب نے قومی اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانے، عوام اور حکام کے درمیان باہمی اعتماد بڑھانے اور آئین کی شق 176 سے استفادہ کرتے ہوئے صدر اور انتظامی اداروں کی مدد کرنے پر بھی تاکید کی، تاکہ ملکی مسائل حل کرنے کے عمل کو تیز اور آسان بنایا جا سکے۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کے انتظام کے ذریعے قومی اور علاقائی سلامتی کے تحفظ اور مشترکہ و پائیدار مفادات کی بنیاد پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کو بھی اہم قرار دیا۔

رہبر انقلاب نے دشمن کی بے بسی کو قومی مزاحمت کے ثمرات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ملک اور نظام کے دفاع میں عوام کی مسلسل شرکت کے لیے بروقت اور فعال آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ اور نہ جنگ، نہ امن کی صورت حال کے خاتمے کے لیے حکام کی جانب سے پیش کردہ شرائط کے مطابق ایرانی قوم اور مزاحمتی محاذ کے حقوق و مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

ملاقات کے دوران محسن رضائی نے ملک کے مختلف شعبوں کی صورت حال اور جاری اقدامات کے بارے میں بھی رپورٹ پیش کی۔

انہوں نے بتایا کہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا سیکریٹریٹ خطے میں مقامی صلاحیتوں پر مبنی انتظامات اور نظم و ضبط قائم کرنے کی اسلامی جمہوری ایران کی تزویراتی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے کام کر رہا ہے۔

News ID 1942407

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha